Geo News
Geo News

Time 30 مئی ، 2022
دلچسپ و عجیب

فلم 'فاسٹ اینڈ فیوریس' سے متاثر ہو کر لگژری گاڑیاں چوری کرنیوالا گروہ گرفتار

بھارت میں 3 افراد پر مشتمل گروہ نے ہالی وڈ کی معروف فلمی سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس سے متاثر ہو کر 40 لگژری گاڑیاں چوری کرلیں۔—فوٹو:فائل
بھارت میں 3 افراد پر مشتمل گروہ نے ہالی وڈ کی معروف فلمی سیریز 'فاسٹ اینڈ فیوریس' سے متاثر ہو کر 40 لگژری گاڑیاں چوری کرلیں۔—فوٹو:فائل

بھارت میں 3 افراد پر مشتمل گروہ نے ہالی وڈ کی معروف فلمی سیریز 'فاسٹ اینڈ فیوریس' سے متاثر ہو کر 40 لگژری گاڑیاں چوری کرلیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تین افراد نے  سافٹ ویئر پر مبنی ہیکنگ ڈیوائس کا استعمال کرتے ہوئے  نئی دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے 40 لگژری کاریں چرا کر فروخت کیں تاہم بعد ازاں پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار بھی کرلیا گیا۔

پولیس نے تینوں ملزموں کی شناخت منیش راؤ، جگدیپ شرما  اور آس محمد کے نام سے کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈپٹی کمشنر آف پولیس منوج  نے کہا کہ ملزمان ہالی وڈ فلم 'دی فاسٹ اینڈ دی فیوریس' سے متاثر تھے اور منٹوں میں کاروں کو ان لاک کرنے کے لیے اسکینر  جبکہ کاروں میں نصب GPS  سسٹم کو  بھی غیر فعال کرنے کے لیے جیمر کا استعمال کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے پستول کے علاوہ ہائی ٹیک گیجٹس جیسے سینسر کٹ ، مقناطیس اور 8 ریموٹ کار کی چابیاں برآمد کی گئیں۔

پولیس کے مطابق  چوری شدہ کاریں مختلف علاقوں میں کھڑی کی گئیں جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نہیں تھے اور بعد میں انہیں مہنگی قیمتوں میں فروخت کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ملزمان کو پولیس کی جانب سے  اس وقت  گرفتار کیا گیا جب وہ  وہار علاقے سے چوری کی گئی ایک کار کا سودا کرنے آئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے ملزم نے اپریل سے اب تک مختلف علاقوں سے 40  لگژری کاریں چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔