دنیا
Time 30 مئی ، 2022

کیا منکی پاکس کے عالمی وبا بننے کا امکان ہے؟ عالمی ادارہ صحت نے وضاحت کردی

ڈبلیو ایچ او کی ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی / رائٹرز فوٹو
ڈبلیو ایچ او کی ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی / رائٹرز فوٹو

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ منکی پاکس کے پھیلاؤ کی عالمی وبا میں تبدیل ہونے کی توقع تو نہیں مگر ابھی بھی اس بیماری کے بارے میں بہت کچھ معلوم نہیں۔

ڈبلیو ایچ او کی منکی پاکس ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر روز منڈ لوئس نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ بیماری پھیل کیسے رہی ہے اور کیا دہائیوں قبل چیچک ویکسین کا استعمال ختم کرنا اس کے پھیلاؤ کی وجہ تو نہیں۔

30 مئی کو ایک خطاب میں انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ اس وقت جن ممالک میں منکی پاکس کے کیسز سامنے آئے ہیں ان میں سے زیادہ تر ہم جنس پرست مرد ہیں، تو سائنسدانوں کو اس حوالے سے مزید تحقیق کرکے خطرے کی زد میں موجود آبادی کی نشاندہی کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کی وضاحت بہت ضروری ہے کیونکہ ایسا نظر آتا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کی اس ممکنہ وجہ کو ماضی میں شناخت نہیں کیا جاسکا۔

مگر انہوں نے خبردار کیا کہ فی الحال ہر ایک کو اس بیماری سے خطرہ ہوسکتا ہے کیونکہ دیگر ماہرین نے نشاہدہی کی ہے کہ ہم جن پرستوں میں اس بیماری کے پھیلنے سے ضروری نہیں کہ دیگر گروپس کو خطرہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہم یہ نہیں جانتے کہ یہ بیماری جنسی تعلقات سے پھیلتی ہے یا محض متاثرہ افراد کے قریب رہنے سے بھی لوگ اس کا شکار ہوجاتے ہیں، مگر بظاہر عام آبادی کے لیے اس کا خطرہ کم ہے۔

خیال رہے کہ اب تک دنیا کے مختلف ممالک میں منکی پاکس کے 300 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور زیادہ تر کیس یورپی ممالک میں سامنے آئے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے ڈبلیو ایچ او کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خیال ظاہر کیا تھا کہ اسپین اور بیلجیئم میں حالیہ 2 ایونٹس منکی پاکس کے پھیلنے کا باعث بنا۔

اب روزمنڈ لوئس نے کہا کہ ماضی میں وسطیٰ اور مغربی افریقا میں سامنے آنے والے کیسز کو آسانی سے روک لیا گیا اور یہ واضح نہیں کہ بغیر علامات کے بھی لوگ اس وائرس کو آگے پھیلا سکتے ہیں یا ہوا کے ذریعے بھی یہ وائرس پھیلتا ہے یا نہیں۔

مزید خبریں :