Geo News
Geo News

Time 01 جون ، 2022
دنیا

شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد ہیری اور میگھن کا پہلا باضابطہ دورہ برطانیہ

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل / اے پی فوٹو
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل / اے پی فوٹو

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے 2020 میں شاہی خاندان کو خیرباد کہہ کر عام افراد کے طور پر زندگی شروع کی تھی۔

مگر ملکہ برطانیہ کی تخت نشینی کے 75 سال مکمل ہونے پر شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اپنے بچوں کے ہمراہ برطانیہ پہنچ رہے ہیں تاکہ پلاٹینیم جوبلی تقریبات میں شرکت کرسکیں۔

اس موقع پر شہزادہ ہیری کی ایک سالہ بیٹی للی بیٹ پہلی بار اپنی پردادی سے ملاقات کرے گی۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ تو ابھی واضح نہیں کہ شہزادہ ہیری اور ان کا خاندان کب تک برطانیہ پہنچے گا مگر وہ امریکا سے آدھی رات کے بعد روانہ ہوئے۔

اس سے قبل شہزادہ ہیری نے اپریل میں ملکہ برطانیہ سے خفیہ ملاقات کی تھی۔

پلاٹینیم جوبلی تقریبات کا آغاز 2 جون سے ہوگا اور اختتام اتوار کو ہوگا۔

شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کے بعد یہ میگھن مارکل کا برطانیہ کا دوسرا دورہ ہے جبکہ یہ اس جوڑے کا 2 سال میں برطانیہ کا پہلا باضابطہ دورہ ہے۔

ان تقریبات میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو بالکونی میں بلایا نہیں جائے گا کیونکہ وہ شاہی خاندان کے لیے مخصوص ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق اس جوڑے نے اپنے دورے کو سادہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے ساتھ محدود تعداد میں سکیورٹی اہلکار ہوں گے جبکہ وہ بہت کم عوامی مقامات پر جائیں گے۔