04 جون ، 2022
سندھ بھر میں جعلی ڈومیسائل پر دیگر صوبوں سے 800 سے زائد اساتذہ بھرتی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
میر پور خاص کے ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کے مطابق سندھ بھر میں دیگرصوبوں کے 800 اساتذہ بھرتی کیےگئے، 291 پرائمری اور 509 جونیئر اسکول ٹیچرز بھرتی ہوئے۔
ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کے مطابق میرپورخاص میں24 اور سانگھڑ میں 37 دیگر صوبوں کے امیدوار بھرتی ہوئے،کراچی ایسٹ میں سب سے زیادہ 118 بھرتیاں ہوئیں، باقی بھرتیاں دیگر علاقوں میں کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسکینڈل سامنے آنےکے بعد تمام تعیناتیاں روک دی گئی ہیں اور معاملہ سیکرٹری تعلیم کی شکایات کمیٹی کے سپردکردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کا مزید کہنا ہےکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو اساتذہ کے ڈومیسائل اور پی آرسی کی تصدیق کے لیے لکھ دیا گیا ہے۔