ایلون مسک ٹوئٹر کو خریدنے کا عمل آگے بڑھانے کے لیے تیار؟

ایلون مسک 16 جون کو یہ ملاقات کریں گے / اے ایف پی فائل فوٹو
ایلون مسک 16 جون کو یہ ملاقات کریں گے / اے ایف پی فائل فوٹو

ایلون مسک رواں ہفتے ٹوئٹر کے ملازمین کی میٹنگ سے خطاب کریں گے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اب وہ کمپنی کو خریدنے کا عمل آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔

اپریل میں 44 ارب ڈالرز کے عوض ٹوئٹر کمپنی کو خریدنے پر رضامندی ظاہر کرنے کے بعد یہ ایلون مسک کی ملازمین سے پہلی ملاقات ہوگی۔

ٹوئٹر کے ایک ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایلون مسک کمپنی کے ملازمین سے ملاقات کریں گے۔

یہ ملاقات 16 جون کو ہوگی اور اس موقع پر کمپنی ملازمین ایلون مسک سے مختلف سوالات کرسکیں گے۔

یہ ملاقات اس وقت ہورہی ہے جب حالیہ دنوں میں ٹوئٹر ملازمین کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی فروخت پر مختلف خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب ایلون مسک خود اسپام اکاؤنٹس کے ڈیٹا نہ ملنے پر خریداری کا معاہدہ ختم کرنے کی بات کررہے ہیں۔

ٹوئٹر کے سی ای او پراگ اگروال نے ملازمین کو بھیجے جانے والی ایک ای میل میں بتایا کہ اس ملاقات میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سامنے آنے والے سوالات اور خدشات پر بات کی جائے گی۔

اس سے قبل 6 جون کو دنیا کے امیر ترین شخص کے وکلا کی جانب سے ٹوئٹر کمپنی کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اگر سوشل میڈیا نیٹ ورک اسپام اور جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم نہ کرسکا تو وہ اسے خریدنے کا فیصلہ بدل سکتے ہیں۔

اس مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ٹوئٹر کی جانب سے وعدوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ایلون مسک کے پاس معاہدے کو منسوخ کرنے کا اختیار موجود ہے۔

اس انتباہ کے بعد 9 جون کو کمپنی نے ایلون مسک کا مطالبہ پورا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے دنیا کے امیر ترین شخص کو روزانہ پوسٹ ہونے والے 50 کروڑ سے زیادہ ٹوئٹس کے ڈیٹا اسٹریم تک رسائی دی جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پہلے ہی کئی کمپنیوں کو اس ڈیٹا تک رسائی معاوضے کے عوض حاصل ہے۔

اس ڈیٹا سے یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ صارفین ٹوئٹ کرنے کے لیے کونسی ڈیوائسز استعمال کررہے ہیں جبکہ ان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔

نیویارک ٹائمز نے بھی ایک رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کو روزانہ کے ٹریفک تک رسائی دی جارہی ہے، تاکہ کمپنی کے فروخت ہونے کا معاہدہ متاثر نہ ہو۔

دوسری جانب 8 جون کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کے چیف لیگل آفیسر وجے گاڈے نے کمپنی ملازمین کو بتایا کہ کمپنی کی فروخت کے معاہدے پر شیئر ہولڈرز کی ووٹنگ جولائی کے آخر یا اگست کے شروع میں متوقع ہے۔

مزید خبریں :