15 جون ، 2022
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کرپٹو کرنسی پراجیکٹس بشمول نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کو مسترد کرتے ہوئے انہیں دھوکا دہی کا ذریعہ قرار دیا۔
14 جون کو ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے ڈیجیٹل اثاثوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بنیادی طور پر لوگوں کو بیوقوف بنانے کے خیال پر مبنی ہوتے ہیں۔
اس کے لیے انہوں نے گریٹر فول تھیوری کے الفاظ استعمال کیے، جس سے مراد یہ ہے کہ ایک شخص کسی چیز کو اس کی اصل قیمت سے زیادہ مہنگے داموں میں خریدتا ہے تاکہ اس سے بھی بڑا احمق یہ چیز اس سے بھی زیادہ قیمت پر خرید لے۔
بل گیٹس نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً بندروں کی مہنگی ڈیجیٹل تصاویر سے دنیا میں فوری بہتری آسکتی ہے۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اس سے قبل بھی کرپٹو کرنسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں۔
گزشتہ سال ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ جب تک آپ ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک جتنے امیر نہ ہوں، اس وقت تک بٹ کوائن نہ خریدیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کرنسی کی مائننگ ماحولیات کے لیے نقصان دہ ہے۔
اس نئے خطاب میں بل گیٹس نے ڈیجیٹل بینکنگ سروسز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ سروسز کرپٹو کرنسیوں کے مقابلے میں سیکڑوں گنا زیادہ فائدہ مند ہیں۔