Time 15 جون ، 2022
پاکستان

منی لانڈرنگ کا مقدمہ: ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی کا مؤقف سامنے آگیا

یہ صرف اور صرف دباؤ ڈالنےکی کوشش ہے، راناصاحب جو کر سکتے ہو کرلو، میں اب آگیاہوں، مونس الٰہی— فوٹو: فائل
یہ صرف اور صرف دباؤ ڈالنےکی کوشش ہے، راناصاحب جو کر سکتے ہو کرلو، میں اب آگیاہوں، مونس الٰہی— فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الہٰی خود وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور کے دفتر پہنچ گئے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حاضر ہیں، انہیں کیس میں پیش ہونے پرکوئی اعتراض نہیں، انہیں پتہ نہیں ہے، رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں 72کروڑ روپے کا کیس ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہ سیاسی انتقام ہے۔

مونس الٰہی نے کہا کہ انہوں نے مجھے گرفتار کرنے کیلئے ٹیمیں تیارکیں، میری اطلاع کے مطابق انہوں نےمجھ پر شوگر  کمیشن کاکیس بنایا ہے، رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں کہ نوٹس بھیجاہے لیکن مجھے کسی قسم کا نوٹس نہیں ملا، مجھے انہوں نے گرفتار کرنا ہے میں حاضر ہوں، ابھی جاکر دیکھتا ہوں کیا کیس ہے۔

ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ آج انہوں نےجعلی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنا تھا اس لیے رات انہوں نے یہ ڈرامہ کیا، یہ صرف اور صرف دباؤ ڈالنےکی کوشش ہے، راناصاحب جو کر سکتے ہو کرلو، میں اب آگیاہوں، میں خود ایف آئی اے پہنچا ہوں گرفتارکرنا ہے تو کرلیں، جو خرچہ چھاپوں پر کرنا ہے، احسن اقبال کو اس کی چائے پلا دیں۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے۔

مزید خبریں :