17 جون ، 2022
لاہور: گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز کو موسم کی خرابی کی وجہ سے راولپنڈی کے اسپتال منتقل نہ کیا جاسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث دانیال عزیز کو آج راولپنڈی منتقل کرنا ممکن نہیں،دانیال عزیز کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے راولپنڈی سی ایم ایچ منتقل کیا جانا تھا۔
لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما دانیال عزیز کے حوالے سے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دانیال عزیز کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ مشکل گھڑی میں دعاؤں کی سخت ضرورت ہے ۔
دانیال عزیز کے معالجین کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز کے دونوں بازوؤں کی ہڈیاں اورپسلیاں بھی فریکچر ہیں، ان کا علاج جاری ہے تاہم اب حالت خطرے سےباہر ہے۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، دانیال عزیز کے علاج معالجے کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
میڈیکل بورڈ نے دانیال عزیز کو سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دانیال عزیز شکر گڑھ کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔