فیس بک کے ڈیجیٹل اواتارز کیلئے ملبوسات کا ورچوئل ڈیزائنر اسٹور متعارف

ان ملبوسات کی قیمتیں 3 سے 9 ڈالرز کے درمیان ہوں گی / فوٹو بشکریہ میٹا
ان ملبوسات کی قیمتیں 3 سے 9 ڈالرز کے درمیان ہوں گی / فوٹو بشکریہ میٹا

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا نے آن لائن اواتارز کے لیے ملبوسات کا ڈیجیٹل اسٹور متعارف کرا دیا ہے۔

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے 18 جون کو اعلان کیا کہ اب صارفین اپنے ڈیجیٹل اواتارز کے لیے ڈیزائنر ملبوسات اس ورچوئل اسٹور سے 'سستے داموں' میں خرید سکتے ہیں۔

اس اسٹور میں جو بھی ملبوسات دستیاب ہوں گے وہ معروف فیشن کمپنیوں کے ڈیزائن کیے ہوئے ہوں گے۔

یعنی اصل زندگی میں چاہے آپ ڈیزائنر ملبوسات خریدنے کی سکت نہ بھی رکھتے ہوں تو بھی آپ اپنی ورچوئل شخصیت کو  چند ڈالرز میں فیشن ایبل بناسکتے ہیں۔

میٹا کے ایک ترجمان کے مطابق ان ملبوسات کی قیمت ان ڈیزائنر کمپنیوں کے حقیقی ملبوسات کے مقابلے میں بہت کم ہوگی۔

یہ ورچوئل ملبوسات 3 سے 9 ڈالرز میں دستیاب ہوں گے۔

مارک زکربرگ نے بتایا کہ انہیں توقع ہے کہ اس اسٹور سے ڈویلپرز کو بھی مختلف اقسام کے ڈیجیٹل ملبوسات تیار کرکے فروخت کرنے کا موقع مل سکے گا۔

فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر کے صارفین اس آن لائن اسٹور سے یہ ملبوسات خرید سکیں گے۔

خیال رہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور میٹا کی دیگر سروسز میں اواتارز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کا مقصد میٹا ورس نامی ورچوئل دنیا میں صارفین کو اپنی ایک منفرد شناخت فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں :