Time 21 جون ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹر بورڈ نے کمپنی ایلون مسک کو فروخت کرنے کی توثیق کردی

ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کی تھی / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کی تھی / رائٹرز فوٹو

اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے لیے ٹوئٹر کے مالک بننے کی راہ میں مزید پیشرفت ہوئی ہے۔

ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایلون مسک کو کمپنی کی فروخت کی توثیق کرتے ہوئے اپنے شیئر ہولڈرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل نیٹ ورک کی فروخت کے 44 ارب ڈالرز کے مجوزہ معاہدے کے حق میں ووٹ دیں۔

یو ایس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) میں جمع کرائی گئی ریگولیٹری فائلنگ کے مطابق ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر شیئر ہولڈرز کو معاہدے کے حق میں ووٹ ڈالنے کا مشورہ دیا۔

بورڈ نے قرار دیا کہ یہ معاہدہ کمپنی اور شیئر ہولڈرز دونوں کے مفادات کے لیے بہترین ہے۔

اس معاہدے کے حوالے سے ووٹنگ کی تاریخ ابھی تک طے نہیں ہوئی ہے۔

یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب 21 جون کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ اب بھی ٹوئٹر کی خریداری کی راہ میں 3 بڑی رکاوٹیں موجود ہیں۔

انہوں نے ایک خطاب میں کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا، خریداری کے لیے قرض اور شیئر ہولڈرز کی منظوری جیسی رکاوٹوں کے حل ہونے پر ہی وہ کمپنی کو خریدنے کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے اپریل 2022 میں ٹوئٹر کمپنی کو خریدنے کے لیے فی شیئر 54.20 ڈالرز کی پیشکش کی تھی۔

مگر اس کے بعد سے کمپنی کے حصص میں کمی آئی ہے اور 17 جون کو ایک شیئر 38 ڈالرز کا ہوگیا تھا۔

ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان یہ معاہدہ اب تک مشکلات کا شکار رہا ہے۔

جون کے شروع میں ایلون مسک نے انتباہ کیا تھا کہ اگر ٹوئٹر کی جانب سے اسپام اکاؤنٹس کا ڈیٹا ان کے حوالے نہ کیا گیا تو وہ معاہدے کو منسوخ کردیں گے۔

اس کے جواب میں ٹوئٹر کمپنی نے کہا تھا کہ وہ معاہدے کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور مطلوبہ تفصیلات کے حوالے سے ایلون مسک سے تعاون کر رہی ہے۔

مزید خبریں :