تھر میں حاملہ خاتون کا غلط آپریشن، ڈی جی ہیلتھ نے رپورٹ جمع کرادی

حیدرآباد لمس اسپتال کی گائناکولوجسٹ سےمریضہ کی تصویریں لینے پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے—فوٹو: جیو نیوز
حیدرآباد لمس اسپتال کی گائناکولوجسٹ سےمریضہ کی تصویریں لینے پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے—فوٹو: جیو نیوز

تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں حاملہ خاتون کے غلط آپریشن پر سول اسپتال مٹھی کی گائناکالوجسٹ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چھاچھرو میں پیش آنے والے واقعے پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹرجمن کی جانب سے محکمہ صحت کو رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔

ڈی جی ہیلتھ نے سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن کو متعلقہ اسپتال کےدورے کی ہدایت کی اور سول اسپتال مٹھی کی گائناکولوجسٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔

ڈی جی ہیلتھ کے مطابق سول سرجن مٹھی سے معاملے پر وضاحت بھی طلب کرلی گئی ہے،  اس کے علاوہ حیدرآباد لمس اسپتال کی گائناکولوجسٹ سےمریضہ کی تصویریں لینے پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چھاچھرو کے مقامی صحت مرکز کے عملے نے حاملہ خاتون کا غلط آپریشن کیاجس کے نتیجے میں نوزائیدہ کا سرکٹ گیا اور وہ انتقال  کرگیا۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق عملے نے نوزائیدہ کا سرکاٹ کر ماں کے پیٹ سےنکالا اور دھڑپیٹ میں ہی چھوڑدیا تھا، پھر خاتون کو چھاچھرو سے سول اسپتال مٹھی بھیجاگیاجہاں کوئی سہولت نہیں تھی۔

بعد ازاں مٹھی سے حاملہ خاتون کو سول اسپتال حیدرآبادلایاگیا جہاں خاتون کے پیٹ سے بچے کا دھڑ نکالا گیا اور خاتون کی جان بچائی گئی۔

مزید خبریں :