24 جون ، 2022
مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور حالیہ ہفتے میں دالیں، گھی، آٹا، چینی، آلو، پیاز، گوشت، دودھ، دہی سمیت 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح ایک فیصد اضافے سے 28.05 فیصد ہو گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی 20 روپے 78 پیسے مزید مہنگا ہو گیا جس کے بعد ملک میں گھی کی اوسط فی کلو قیمت 574 روپے 68 پیسے ہو گئی۔
اس کے علاوہ دال چنا کی قیمت 16 روپے اضافے سے 214 روپے 40 پیسے فی کلو، دال مسور 10 روپے 32 پیسے مہنگی ہوکر 288 روپے 13 پیسے کلو ہو گئی۔
دال ماش 12 روپے 77 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی اور اوسط قیمت 311 روپے 94 پیسے فی کلو ہو گئی ۔ دال مونگ کی قیمت میں 9 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
ادارہ شماریات کی مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیاز 4 روپے 9 پیسے فی کلو ،بیف 9 روپے 75 پیسے ،مٹن 14 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
حالیہ ہفتے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 24 روپے 89 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
چینی، تازہ دودھ، دہی، لہسن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ٹماٹر 7 روپے 24 پیسے فی کلو سستا ہوا جبکہ زندہ مرغی کی قیمت میں 19 روپے 84 پیسے فی کلو کمی ہوئی۔ کیلا اور سرسو ں کا تیل بھی سستا ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران 15 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔