چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت کے الزامات پر چوہدری شجاعت کا ردعمل آگیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا اپنے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین کی جانب سے نئی پارٹی بنانےکے اعلان اور  الزامات پر ردعمل سامنے آگیا۔

ایک بیان میں چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ میرے چھوٹے بھائی وجاہت حسین نے ہمارےگھر میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں، چوہدری وجاہت نے آصف زرداری سے متعلق الزام تراشی کی، میرے بیٹوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے ڈالر مانگے، اگر  چوہدری وجاہت  نے یہ باتیں کی ہیں تو یہ نہایت بیہودہ باتیں ہیں۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بیٹوں کی ایسی تربیت نہیں کی،میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں، میں نے اپنے بیٹوں کو  تلقین کی ہےکہ ہمیشہ سچ بولنا اور  وعدے کا پاس رکھنا، میرےکہنے پر ہی میرے بیٹوں نے شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا، ہم نےکسی سےکوئی وزارت نہیں مانگی، آصف زرداری نے خود  آکر ہمیں مبارک باد دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری وجاہت نےکہا کہ 30 جون تک ن لیگ سے اتحاد ختم نہ کیا تو وہ نئی جماعت بنا لیں گے، پاکستان میں پہلے بھی سیکڑوں پارٹیاں ہیں، ایک اور بن جائےتو کیا فرق پڑے گا۔

سربراہ ق لیگ نےکہا کہ چوہدری وجاہت نےکہا کہ طارق بشیر نے ہمارے خاندان کو تقسیم کردیا، طارق بشیر سے متعلق یہ بیان غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ چوہدری وجاہت نے الزام لگایا کہ میرے بیٹے مانگے تانگےکے وزیر ہیں، ان کا کوئی حلقہ نہیں، ان باتوں کا جواب گجرات والوں کے سامنے دوں گا اور بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔

مزید خبریں :