سدھو موسے والا کا آخری گانا یوٹیوب سے ہٹادیا گیا

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بھارت کے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا آخری گانا یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے پانی کے مسئلے پر ریلیز ہونے والا سدھو موسے والا کا آخری گانا ’ایس وائی ایل(SYL)‘ صرف بھارت میں یوٹیوب سے ہٹایا گیا ہے تاہم دنیا کے دیگر ممالک کے صارفین اس گانے کو یوٹیوب پر دیکھ سکتے ہیں۔ 

اطلاعات کے مطابق SYL(ستلج یمنا لنک) دراصل 214 کلومیٹر طویل نہر ہے جو پنجاب اور ہریانہ کے درمیان تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے تنازعہ کی وجہ بنی ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ سدھو کے اس گانے میں 1984 کے سکھ فسادات،کسان قوانین، کسانوں کی تحریک کے دوران لال قلعہ پر سکھوں کا جھنڈا لہرانے اور سکھ عسکریت پسندوں جیسے مختلف تنازعات کو دکھایا گیا ہے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ گانے میں انہیں تنازعات کو اجاگر کرنے کی وجہ سے اسے  یوٹیوب سے ہٹایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت کی طرف سے قانونی شکایت کی وجہ سے سدھو موسے والا کا گانا بھارت کی حدود میں صارفین کو دستیاب نہیں ہے۔

فوٹو:بھارتی میڈیا
فوٹو:بھارتی میڈیا

اطلاعات کے مطابق 23 جون کو ریلیز ہونے والا گانا دیکھتے ہی دیکھتے یوٹیوب پر چھا گیا تھا اور اسے تقریباً  2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کیا، اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں سدھو موقع ہلاک ہوگئے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے۔


مزید خبریں :