10 کروڑ فالوورز کا اعزاز پانے والے ایلون مسک ایک ہفتے سے ٹوئٹر پر خاموش کیوں؟

ایلون مسک 28 جون کو 51 ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں / رائٹرز فائل فوٹو
ایلون مسک 28 جون کو 51 ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں / رائٹرز فائل فوٹو

10 کروڑ سے زیادہ ٹوئٹر فالوورز کا سنگ میل عبور کرنے والے ایلون مسک 28 جون کو 51 ویں سالگرہ منا رہے ہیں مگر حیران کن طور پر وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم سےکافی دن سے غائب ہیں۔

26 اور 27 جون کے درمیان ایلون مسک کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد 10 کروڑ کے ہندسے تک پہنچ گئی تھی۔

اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے سی ای او کو ٹوئٹر پر ان کے دلچسپ اور متنازع بیانات کی وجہ سے جانا جاتا ہے، وہ اکثر اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر میمز شیئر کرتے ہیں یا اپنے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہیں اور ہر پوسٹ کو لاکھوں افراد لائیک کرتے ہیں۔

ان کو اکثر اپنی ٹوئٹس کے باعث مشکلات کا سامنا بھی ہوتا ہے جیسے ٹیسلا کے شیئرز کی قیمت کے ایک ٹوئٹ پر انہیں یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو 2 کروڑ ڈالرز کا جرمانہ ادا کرنا پڑا اور ٹیسلا کے چیئرمین کا عہدہ بھی چھوڑنا پڑا۔

ایلون مسک ٹوئٹر پر بہت زیادہ متحرک رہتے ہیں اور دن میں متعدد ٹوئٹس کرنے کے عادی ہیں مگر 21 جون کے بعد سے ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ خاموش ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخص نے ایسا کوئی عندیہ بھی نہیں دیا تھا کہ وہ ٹوئٹر سے وقفہ لے رہے ہیں اور اسی وجہ سے ان کے متعدد فالوورز سوال پوچھ رہے ہیں کہ ایلون مسک کہاں ہیں، خاص طور پر اس وقت جب ان کے فالوورز کی تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

27 جون کو ایک ٹیکنالوجی ماہر ایلی ڈیوڈ نے اپنے ٹوئٹ میں پوچھا کہ ایلون مسک کہاں ہیں؟

یہی سوال ورلڈ آف انجینئرنگ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بھی پوچھا۔

ایک صحافی نے دعویٰ کیا کہ اس نے ٹوئٹر سے دور ایلون مسک کا انٹرویو کیا ہے اور وہ صحت مند ہیں، یعنی کسی بیماری کی وجہ سے ٹوئٹر سے دور نہیں۔

آخری بار ایلون مسک نے 21 جون کو ایک تصویر ٹوئٹ کی تھی۔

ان کی خاموشی کے حوالے سے ایک خیال یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے اسقاط حمل کے مقدمے رو بنام ویڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی بحث سے خود کو دور رکھ رہے ہیں۔

ایک خیال یہ بھی ہے کہ وہ خاموشی سے ٹوئٹر کی خریداری کے عمل کو مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے حاصل ڈیٹا کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔

وجہ جو بھی ہو ایلون مسک چھٹے ٹوئٹر صارف ہیں جن کے فالوورز 10 کروڑ سے زیادہ ہوگئے ہیں۔

ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالوورز سابق امریکی صدر باراک اوباما کے ہیں جبکہ ایلون مسک چھٹے نمبر پر ہیں جن سے اوپر کرسٹیانو رونالڈو 10 کروڑ 10 لاکھ صارفین کے ساتھ موجود ہیں۔

مزید خبریں :