دنیا
Time 29 جون ، 2022

برطانیہ نے روس کے دوسرے امیر ترین شخص اور پیوٹن کے دوست پر پابندیاں عائد کردیں

ولادیمیرپوتانن روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی دوست اور ان کے ’ہاکی بڈی‘ کے طور پر جانے جاتے ہیں: تصویر بشکریہ ڈیلی میل
ولادیمیرپوتانن روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی دوست اور ان کے ’ہاکی بڈی‘ کے طور پر جانے جاتے ہیں: تصویر بشکریہ ڈیلی میل

برطانیہ نے روسی صدر کے قریبی حلقوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے روس کے دوسرے امیر ترین شخص ولادیمیر پوتانن پرپابندی لگادی ہے۔

12 ارب پاؤنڈز (تقریباً 32 کھرب 39 ارب پاکستانی روپے) کے اثاثوں کے مالک ولادیمیر پوتانن، روسی صدر ولادیمیر  پیوٹن کے قریبی دوست اور ان کے ‘ہاکی بڈی’ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

برطانوی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کئی کمپنیوں پر مشتمل گروپ کے مالک 61 سالہ ولادیمیر  پوتانن پر سفری پابندی عائد کرنے  کے ساتھ ان کے اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔

حال ہی میں ولادیمیر  پوتانن کی جانب سے روسی بینک ‘روس بینک’ کی خریداری کے ساتھ ایک اور  روسی بینک ‘ٹنکاف بینک’ میں بھی شیئرز خریدے گئے ہیں۔

اس خریداری کے بعد حکام کی جانب سے یوکرین حملے سے لے کر اب تک روسی بزنس مین ولادیمیر  پوتانن پرپیوٹن رجیم کی مدد کے بدلے ان کی دولت میں  اضافے کا الزام لگا کر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

پابندی کے اعلان بعد برطانوی حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ جب تک پیوٹن حکومت کی جانب سے یوکرین پر گھناؤنا حملہ جاری رہتا ہے، ہماری جانب سے بھی روسی ‘وار مشین’ کو کمزور کرنے کے لیے اسی نوعیت کی پابندیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کی پابندیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ روسی صدر پیوٹن کے قریبی حلقوں سمیت کچھ بھی اور کوئی بھی ان پابندیوں سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔

61 سالہ ولادیمیر  پوتانن برطانوی عدالت میں طلاق کے مقدمے کا بھی سامنا کر رہے ہیں جس میں ان کی سابقہ اہلیہ کے حق میں عدالتی فیصلہ بھی آ چکا ہے۔

یہ پابندی ان کی جانب سے سابقہ اہلیہ کے اربوں ڈالرز کے قانونی دعوے کے حق میں آنے والے عدالتی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چلینج کرنے کے اعلان کے بعد لاگو کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اب تک برطانیہ کی جانب سے 1000 سے زائد افراد جبکہ 120 سے زائد کمپنیوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

مزید خبریں :