میٹا کا اپنے ڈیجیٹل والٹ نووی کو بند کرنے کا اعلان

میٹا کے کرپٹو کرنسی پراجیکٹ لبرا کا بھی اختتام ہوگیا ہے / فوٹو بشکریہ فیس بک
میٹا کے کرپٹو کرنسی پراجیکٹ لبرا کا بھی اختتام ہوگیا ہے / فوٹو بشکریہ فیس بک

میٹا (فیس بک کمپنی کا نیا نام) نے اپنے ڈیجیٹل والٹ نووی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نووی والٹ کو یکم ستمبر کو بند کردیا جائے گا۔

اس اعلان کے ساتھ ہی میٹا کے کرپٹو کرنسی پراجیکٹ لبرا کا بھی اختتام ہوگیا ہے۔

میٹا کی جانب سے امریکا اور گوئٹے مالا میں نووی ڈیجیٹل والٹ کو متعارف کرایا گیا تھا جس میں صارفین ایک دوسرے کو ایک موبائل پیپمنٹ ایپ سے رقوم بھیج سکتے تھے۔

مگر میٹا کے کرپٹو کرنسی پراجیکٹس آغاز سے ہی ریگولیٹری اداروں کی نظروں میں تھے۔

نومبر 2020 میں جی 7 ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے لبرا کوائن (نووی والٹ سے قبل میٹا کا منصوبہ) کے اجرا پر اعتراض کیا تھا۔

اس ڈیجیٹل والٹ کو میٹا نے اپنے مجوزہ کوائن ڈائیم کو مدنظر رکھ متعارف کرایا تھا مگر امریکی کانگریس کی مخالفت کے باعث دوسری کرنسی پر سوئچ کردیا گیا۔

اب میٹا نے نووی استعمال کرنے والے افراد کو کہا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنا بیلنس نکلوا لیں ورنہ یکم ستمبر کے بعد وہ ایسا نہیں کرسکیں گے۔

اسی طرح 21 جولائی کے بعد لوگ اپنے نووی اکاؤنٹس میں رقوم کی ترسیل نہیں کرسکیں گے۔

اس کی بندش کا اعلان حیران کن نہیں کیونکہ میٹا کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصے سے ڈیجیٹل اثاثوں کے پراجیکٹس کو فروخت کیا جارہا ہے اور این ایف ٹیز پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپ ہمیں ویب 3 اسپیس میں زیادہ متحرک دیکھنے کی توقع کرسکتے ہیں کیونکہ ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیکنالوجیز لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاسکتی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے اس مقصد کے لیے انسٹاگرام میں این ایف ٹیز سے متعلق فیچرز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :