05 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے سولر پینلز خریدنے کے حوالے سے لگائے گئے الزام پر شریف گروپ آف کمپنیز کا بیان سامنے آگیا۔
شریف گروپ آف کمپنیز کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل کا وزیر اعظم کے بیٹے سلیمان شہباز پر الزام لغو اور بے بنیاد ہے، سابق گورنر سندھ نے شہباز شریف کے بیٹے سے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سلیمان شہباز کا سولر پینلز کا کوئی کاروبار نہیں۔ ان کی کسی کمپنی کا بھی سولر پینلز کی درآمد یا ایسے کسی کاروبار سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عمران اسماعیل نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی کمپنی سے سرکاری عمارتوں کیلئے سولر پینلز خریدے جائیں گے۔
ترجمان شریف گروپ آف کمپنیز نے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات پی ٹی آئی کی پروپیگنڈا ٹیم کی گھناؤنی مہم کا حصہ ہے۔