06 جولائی ، 2022
اینکر پرسن عمران ریاض خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق اینکر عمران ریاض کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالت کی اجازت کے بغیر گرفتاری سے روکا تھا کہ تاہم اب عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد ، آئی جی پنجاب اور ڈی سی اسلام آباد کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈائری برانچ کے عملے نے وصول کی۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد کی جانب سے مجاز افسر کو آج صبح 10 بجے عدالت طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی جی اسلام آباد وضاحت کریں، عدالتی حکم عدولی کیوں ہوئی؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ اسد خان نے درخواست پر نمبر لگا دیا، عمران ریاض خان کی درخواست پر مزید سماعت آج صبح 10بجے ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈائری برانچ نے عمران ریاض کی توہین عدالت کی درخواست چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھجوائی تھی۔
واضح رہے کہ منگل کی رات کو اٹک پولیس نے اینکر پرسن عمران ریاض خان کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ عمران ریاض کےخلاف پنجاب کی حدود اٹک میں ایف آئی آر درج ہے۔