Time 13 جولائی ، 2022
کاروبار

پیٹرول کی قیمت میں مجوزہ کمی، آئی ایم ایف کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کا امکان

حکومت نے اگلے 15 دن کے لیے موجودہ سطح پر لیوی کو برقرار رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو فائل
حکومت نے اگلے 15 دن کے لیے موجودہ سطح پر لیوی کو برقرار رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے اگلے 15 روز کے لیے موجودہ سطح پر لیوی برقرار  رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں پی او ایل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے تناظر میں حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے موجودہ سطح پر لیوی کو برقرار  رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 17 جولائی 2022 کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے پہلے حکومت ووٹروں کو خوش کرنے کی نیت سے آگے بڑھ رہی ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آئی ایم ایف اس پر کیا ردعمل ظاہر کرے گا۔

آئی ایم ایف قیمتوں میں کمی پر  اعتراضات اٹھا سکتا ہے کیونکہ وفاق نے رواں مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی کے ذریعے 855 ارب روپے کمانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ فی الحال حکومت نے اب تک پیٹرول پر 10 روپے فی لیٹر لیوی اور ڈیزل پر 5 روپے فی لیٹر لیوی عائد کر دی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے 16 جولائی 2022 سے اگلے 15 دنوں کے لیے مقامی مارکیٹ میں پی او ایل کی قیمتوں میں کمی کی تجویز  پر  تصدیق کی کہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتیں تھوڑی نیچے آگئی ہیں تاہم مجوزہ کمی سے آئی ایم ایف کے جاری مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

 سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کو اگلے 15 دنوں تک برقرار  رکھے گی لیکن حکام حیران ہیں کہ حکومت رواں مالی سال کے اختتام تک 855 ارب روپے کیسے حاصل کر  پائے گی۔

مزید خبریں :