Time 20 جولائی ، 2022
پاکستان

ایم پی ایز کو 50 کروڑ تک کی آفرکی جارہی ہے، اسکے پیچھے زرداری کا ہاتھ ہے: عمران خان

آصف زرداری لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خرید رہے ہی، انہیں جیل میں ڈالناچاہیے، سابق وزیراعظم کا بیان— فوٹو: فائل
 آصف زرداری لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خرید رہے ہی، انہیں جیل میں ڈالناچاہیے، سابق وزیراعظم کا بیان— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے ارکان پنجاب اسمبلی کو خریدنے کیلئے 50 کروڑ تک کی آفرکی جارہی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کا کہنا تھاکہ آج لاہور میں سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ جیسے مناظردوبارہ نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم پی ایز کو خریدنے  کیلئے 50 کروڑ تک کی آفرکی جارہی ہے، اس کھیل کے پیچھے آصف زرداری کا ہاتھ ہے جنہوں نےکرپشن پر این آراولیا، وہ لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خرید رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ آصف زرداری کو جیل میں ڈالناچاہیے، یہ نہ صرف ہماری جمہوریت بلکہ ہماری سوسائٹی کے اخلاق پربھی حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پارٹیاں بدلنے والوں پرزندگی بھرکیلئے پابندی لگائی ہوتی توروک تھام ہوتی، امپورٹڈ حکومت لانے والے کرتا دھرتا کو احساس نہیں کہ قوم کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا اور پی ٹی آئی کی جانب سے پرویز الٰہی اور ن لیگ کے حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔

ن لیگ اور پی ٹی آئی کی جانب سے ایک دوسرے کے ارکان خریدنے کا الزام لگایا جا رہا ہے کہ جبکہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے اپنی ہی جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی مسعود مجید پر 40 کروڑ روپے لیکر بیرون ملک جانے کا الزام عائد کیا ہے۔

مزید خبریں :