فیس بک کو اب پہلے سے بالکل مختلف کردیا گیا

تمام صارفین تک اس تبدیلی کو پہنچنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں / فوٹو بشکریہ میٹا
تمام صارفین تک اس تبدیلی کو پہنچنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں / فوٹو بشکریہ میٹا

فیس بک ہوم فیڈ کو 2 حصوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔

میٹا نے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر فیس بک ایپ میں اب 2 ہوم فیڈز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

جب آپ ایپ اوپن کریں گے تو ہوم کے نام سے ایک نیا ٹیب نظر آئے گا جو ریلز، اسٹوریز اور دیگر پرسنلائز مواد کے لیے ہوگا۔

اس کے علاوہ ایک بالکل نیا ہوم فیڈ متعارف کرایا جارہا ہے جس میں دوستوں، گروپس، فیس بک پیجز اور فیورٹس اکاؤنٹس کی نئی پوسٹس کو دیکھا جاسکے گا اور وہاں سجیسٹڈ فار یو پوسٹس نظر نہیں آئیں گی۔

دونوں ہوم فیڈز  تک رسائی21 جولائی سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پرممکن ہوگی اور اس حوالے سے صارفین ایک شارٹ کٹ بار دیکھ سکیں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ اس بار کا مواد صارفین کی پسند کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

تمام صارفین کو یہ اپ ڈیٹ آنے والے ہفتوں میں دستیاب ہوگی۔

اب فیس بک کافی حد تک ٹک ٹاک جیسی ایپ بن جائے گی / فوٹو بشکریہ میٹا
اب فیس بک کافی حد تک ٹک ٹاک جیسی ایپ بن جائے گی / فوٹو بشکریہ میٹا

اس حوالے سے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے بتایا کہ فیس بک صارفین کی جانب سے ایک فیچر کا بہت زیادہ مطالبہ کیا گیا تھا اور وہ یہ تھا کہ وہ اپنے دوستوں کی تمام پوسٹس دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی لیے ہم نے ایک فیڈ ٹیب کو متعارف کرایا ہے جہاں آپ اپنے دوستوں، گروپس، پیجز اور دیگر پوسٹس کو کرانیکل آرڈر میں دیکھ سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپ میں ہوم ٹیب پر پرسنلائز فیڈ بھی موجود ہوگی جس میں وہ مواد ہوگا جس کی صارفین زیادہ پروا کرتے ہیں، دونوں فیڈز سے لوگوں کو زیادہ کنٹرول مل سکے گا۔

میٹا کی جانب سے فیس بک میں کی جانے والی یہ تبدیلی اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو ٹک ٹاک جیسا بنانے کی کوششوں کا حصہ محسوس ہوتی ہے۔

فیس بک میں صارفین کی ممکنہ دلچسپی کی پیش نظر الگورتھمز کی جانب سے مواد کو ریکومینڈ کیا جاتا ہے مگر نیا ہوم فیڈ بنیادی طور پر ڈسکوری انجن ہے۔

اسی طرح یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ گزشتہ برسوں میں فیس بک ہوم فیڈ کو کس حد تک بدل دیا گیا ہے تاکہ دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس کا مقابلہ ممکن ہوسکے۔

2022 میں فیس بک کی مقبولیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ٹک ٹاک کو تصور کیا جارہا ہے تو میٹا کی جانب سے اس کے فیچرز کی نقل کرنے پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔

مگر بظاہر یہ کوششیں ابھی تک زیادہ کامیاب نہیں ہوسکیں اور 2021 کی آخری سہ ماہی میں پہلی بار فیس بک روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں کمی آئی۔

دوسری جانب ٹک ٹاک کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور لوگ اس کو استعمال کرنے کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :