21 جولائی ، 2022
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کے اس بیان کی تردید کی ہے کہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی الیکشن مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کہ جماعت اسلامی نے صرف این اے 245 کے ضمنی انتخاب کا پروگرام ری شیڈول کرنے کی درخواست دی تھی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے پر جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔
خیال رہے کہ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے خود سندھ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، اس کے بعد احتجاجی دھرنا دینا غیر اخلاقی بات ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کے نائب امیر اور چیئرمین الیکشن سیل راجہ عارف سلطان منہاس نے یہ درخواست دی تھی۔
سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی کو ہونا تھا جو اب 28 اگست کو ہوگا۔