24 جولائی ، 2022
گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے پاکستان کی معاشی صورت حال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منفی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے ہمارا سری لنکا سے موازنہ بالکل بھی درست نہیں ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قائم مقام گورنر ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے حالیہ دنوں میں معاشی صورتحال کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات اور اسٹیٹ بینک سے متعلق پھیلائی جانے والی بے بنیاد خبروں پر گفتگو کرتے ہوئے ایک پوڈ کاسٹ میں کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگلے 12مہینے عالمی معیشت کے لیے بہت اہم ہیں لیکن پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کا کور موجود ہے اس لیے پاکستانی معیشت اس وقت اتنی کمزور نہیں جتنا لوگ اسے سمجھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ بیشتر ممالک کے مقابلے میں ہمارے اشاریے بہت بہتر ہیں، ہماری ترقی کورونا سے متاثرہ معیشتوں میں سب سے بہترین تھی،گزشتہ سال ہماری ترقی کی شرح تقریباً 6 فیصد رہی اور کوشش ہے اس سال ترقی شرح مزید بہتر ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام قرضوں کے اشاریے بہت بہتر ہیں، چاہے وہ بیرونی ہوں یا اندرونی اور اس کی تین بنیادی وجوہات ہیں۔
ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے پوڈ کاسٹ میں مزید کہا کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ ریویو بہت مشکل تھا لیکن اب اس پر اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیا ہے جس کی ہمیں خوشی ہے، اگلے 12 مہینے جن ملکوں کے پاس آئی ایم ایف پروگرام ہو گا وہ محفوظ رہیں گے جبکہ دیگر ممالک مشکلات کا شکار رہیں گے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے بتایا کہ پاکستان کے غیر ملکی ذخائر 9.3 بلین ڈالر ہیں جسے ہم بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کے ذخائر کی اس وقت وہ سطح نہیں ہے کہ ہم پریشان ہوں اور سوشل میڈیا پر جو بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ پاکستان کی معیشت کے لیے doomsday ہے تو ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
ڈاکٹر عنایت حسین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ذخائر کی صورت حال بہتر ہے جس کے ذریعے ہم کچھ ماہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔