28 جولائی ، 2022
کامن ویلتھ گیمز میں جمعے کو پاکستان کے کھلاڑی 6 مختلف کھیلوں بیڈمنٹن، باکسنگ،کرکٹ،جمناسٹک، اسکواش اور سوئمنگ کے مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گے۔
برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد جمعے سے کھلاڑی مختلف مقابلوں میں میڈلز کیلئے اپنی جدوجہد شروع کردیں گے۔
پاکستان کے مختلف کھلاڑی 6 کھیلوں میں اپنا سفر جمعے کو شروع کریں گے۔
جمناسٹک کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے محمد افضل پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے ایکشن میں آئیں گے۔
سوئمنگ میں جہاں آرا،بسمہ خان، حسیب طارق اور مشال ایوب کے ایونٹس ہوں گے۔3 بج کر 5 منٹ پر جہاں آرا 200 میٹر فری اسٹائل کی ہیٹ میں مقابلہ کریں گی ۔ 3 بج کر 25منٹ پر حسیب طارق 50 میٹر بٹر فلائی کی ہیٹ میں حصہ لیں گے۔
3 بج کر 39 منٹ پر 50 میٹر بریسٹ اسٹروک ہیٹ میں مشال ایوب کا مقابلہ ہوگاجبکہ بسمہ خان 4 بج کر 4منٹ پر 100 میٹر بٹرفلائی کی ہیٹ کیلئے ایکشن میں ہوں گی۔
باکسنگ میں سلیمان بلوچ اپنی ویٹ کیٹیگری میں بھارت کے شیوا ٹھاپا سے ساڑھے چار بجے راؤنڈ آف32 کی پہلی باؤٹ کھیلیں گے۔
بیڈمنٹن میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے پاکستان اور بھارت کے درمیان مکسڈ ٹیم مقابلہ ہوگا۔ اس مقابلے کیلئے پاکستان کے چاروں کھلاڑی کورٹس میں اُ تریں گے۔
اس کے علاوہ ویمنز کرکٹ ٹیم رات 10 بجے بارباڈوس سے ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جبکہ اسکواش میں ناصر اقبال رات 10 بجے جمیکا کے جولین موریسن سے معرکہ آرا ہوں گے۔