اومیکرون کی قسم بی اے 5 سے کووڈ سے دوبارہ بیمار ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، تحقیق

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو

کورونا وائرس کی قسم اومیکرون بی اے 5 سے دوبارہ بیمار ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے چاہے ویکسینیشن ہوچکی ہو یا نہیں۔

یہ بات پرتگال میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

تحقیق کے دوران اپریل سے جون 2022 کے دوران اومیکرون کی قسم بی اے 2 سے بیمار ہونے والے 15 ہزار 396 افراد اور بی اے 5 سے متاثر 12 ہزار 306 مریضوں کے ڈیٹا کا موازنہ کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ ویکسینز اومیکرون کی دونوں ذیلی اقسام کے خلاف یکساں حد تک مؤثر ہوتی ہیں۔

مگر بی اے 5 سے متاثر 10 فیصد مریض تحقیق کے دوران دوبارہ کووڈ سے متاثر ہوگئے جبکہ بی اے 2 کیسز میں یہ شرح 5.6 فیصد تھی۔

اس سے عندیہ ملتا ہے کہ بی اے 5 سے بیمار ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں مریض دوبارہ کووڈ کا شکار نہیں ہوسکتا۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ بی اے 2 کے مقابلے میں بی اے 5 سے زیادہ بیمار ہونے کے خطرے سے بچانے کے لیے ویکسینز بظاہر کم مؤثر نظر آتی ہیں البتہ بوسٹر ڈوز سے زیادہ تحفظ مل سکتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ بی اے 5 سے متاثر افراد کو اگر ویکسین کی بوسٹر ڈوز استعمال کرائی جائے تو بیماری سے اسپتال میں داخلے اور موت کا خطرہ بالترتیب 77 اور 88 فیصد کم ہوجاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں بی اے 2 کیسز میں اسپتال میں داخلے اور موت کے خطرے میں بوسٹر ڈوز سے بالترتیب 93 اور 94 فیصد کمی آتی ہے۔

محققین نے کہا کہ بی اے 5 سے بیمار ہونے کے بعد کووڈ ویکسین کی اضافی خوراک کا استعمال بیماری کے سنگین اثرات سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ پری پرنٹ سرور medRxiv پر جاری کیے گئے۔

مزید خبریں :