کھیل
Time 30 جولائی ، 2022

کامن ویلتھ گیمز کے پہلے روز پاکستانی ایتھلیٹس اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے پہلے روز  پاکستانی ایتھلیٹس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ تیراکی،کرکٹ، باکسنگ، بیڈ منٹن اور جمناسٹک کے کھیلوں میں قومی کھلاڑی ناکام ہی رہے۔

کامن ویلتھ گیمز کے پہلے روز پاکستانی جمناسٹرمحمد افضل سب سے پہلے ایکشن میں نظرآئے لیکن وہ جمناسٹک کے تینوں ایونٹس میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے ،فلور ایکسائیز ایونٹ ہو یا رنگ یا پھر والٹ تینوں میں وہ بیلنس برقرار نہ رکھ سکے اور پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوگئے۔

سوئمنگ میں پاکستانی تیراک حسیب طارق نے اپنی ہیٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ۔انہوں نے 50 میٹر بٹر فلائی میں فاصلہ 25.97سیکنڈز میں طے کیا لیکن اس کے باوجود بہتر ٹائمنگ نہ ہونے کی وجہ سے وہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کرسکے ۔

سوئمنگ کے خواتین ایونٹ میں جہاں آرا ،مشال ایوب اور بسمہ خان بھی اپنے ابتدائی راؤنڈ میں ہی ناکام رہیں۔جہاں آرا نے 200 میٹر فری اسٹائل میں چھٹی پوزیشن حاصل کی جبکہ مشال ایوب نے 50 میٹر بریسٹ اسٹروک میں فاصلہ 37.50میں طے کر کے چھٹی پوزیشن لی۔

اس کے علاوہ 100 میٹر بٹر فلائی میں بسمہ خان نے فاصلہ ایک منٹ 6.38 سکینڈز میں طے کیا لیکن وہ بھی چھٹی پوزیشن پر رہیں۔

دوسری جانب باکسنگ میں ویلٹر ویٹ کیٹیگری میں پاکستانی باکسر سلیمان بلوچ کا مقابلہ بھارتی باکسر سیوا تھاپا سے تھا، تین راؤنڈ پر مشتمل مقابلہ بھارتی باکسر نے اپنے نام کیا۔

بیڈمنٹن میں پاکستان کو مکسڈ ٹیم اور سنگلز ایونٹ میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دن کے آخر میں پاکستانی ویمنز ٹیم بارباڈوس کے مدمقابل آئی جس میں  پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بارباڈوس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20ا وورز میں 144 رنز بنائے، کپتان ہیلی میتھیوز نے 51،کیشیانائٹ نے 62 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کے جانب سے فاطمہ ثنا نے 2 اور ڈایانا بیگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا سکی۔ ندا ڈار 50 رنز بناکر نمایاں رہیں۔

پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

مزید خبریں :