ٹک ٹاک میں اب آپ گیمز بھی کھیل سکیں گے

ٹک ٹاک میں اب آپ گیمز بھی کھیل سکیں گے

ٹک ٹاک ویسے تو ویڈیو شیئرنگ ایپ ہے مگر اب اس میں گیمز کھیلنا بھی ممکن ہوجائے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے ایپ میں چند منی گیمز کو متعارف کرایا ہے۔

یہ 9 گیمز ہیں جن کو کسی ویڈیو کو اپ لوڈ کرنے سے قبل ایڈ لنک آپشن کے طور پر ایڈ کیا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کو دیکھنے والے افراد لنک پر کلک کرکے گیم کھیل سکیں گے، جبکہ وہ اس گیم کو کھیلتے ہوئے ریکارڈ بھی کرسکیں گے جسے ٹک ٹاک پر پوسٹ کیا جاسکے گا۔

ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے گیمز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے پلیٹ فارم کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور نئے فیچرز کی آزمائش کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اس وقت ہم ایچ ٹی ایم ایل 5 گیمز کو ٹک ٹاک کا حصہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گیمز کی آزمائش کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ صارفین گیمز پر مبنی مواد پر کس طرح کے ردعمل کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ 9 گیمز مختلف گیمنگ اسٹوڈیوز نے تیار کی ہیں اور اس وقت امریکا اور برطانیہ میں ٹک ٹاک صارفین کو دستیاب ہیں۔

یہ آزمائش اس وقت شروع کی گئی جب ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹک ٹاک کی جانب سے گیمنگ کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ اس طرح لوگ زیادہ وقت ایپ پر گزاریں گے اور اشتہاری آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

ٹک ٹاک کے ساتھ ساتھ دیگر کمپنیوں کی جانب سے اپنی ایپس میں گیمز کو پیش کیا جارہا ہے۔

اسنیپ چیٹ میں حال ہی میں اگیومینٹڈ رئیلٹی گیم کو متعارف کرایا گیا جبکہ نیٹ فلکس کی جانب سے بھی گیمنگ پر توجہ دی جارہی ہے۔

مزید خبریں :