ٹوئٹر میں ویڈیوز سمیت 4 میڈیا فائلز ایک ساتھ پوسٹ کرنے کا فیچر متعارف

یہ فیچر اس وقت محدود صارفین کو دستیاب ہے / رائٹرز فوٹو
یہ فیچر اس وقت محدود صارفین کو دستیاب ہے / رائٹرز فوٹو

ٹوئٹر ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو کم الفاظ میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے مگر جلد یہ انسٹاگرام جیسا نظر آنے لگا۔

ٹوئٹر کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کا اعلان کیا گیا ہے جو صارفین کو تصاویر، ویڈیوز اور جی آئی ایف ایک ملٹی میڈیا ٹوئٹ میں پوسٹ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

ابھی صارفین ایک ٹوئٹ پر فوٹو پوسٹ کرسکتے ہیں یا صرف ویڈیو ، دونوں کو ایک ساتھ  پوسٹ کرنا ممکن نہیں۔

یہ نیا فیچر اس وقت چند افراد کو دستیاب ہے اور آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ محدود صارفین میں ہم ایک نئے فیچر کی آزمائش کررہے ہیں جس سے لوگ ایک ٹوئٹ میں 4 میڈیا فائلز پوسٹ کرسکیں گے۔

بیان کے مطابق ہم نے دیکھا ہے کہ لوگ ٹوئٹر پر تصاویر اور ویڈیوز کو بہت زیادہ استعمال کررہے ہیں تاکہ ان کی گفتگو زیادہ پرجوش ہوسکے۔

کمپنی نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ اس فیچر سے صارفین کو زیادہ تخلیقی انداز سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے میں مدد ملے گی۔

اس فیچر میں صارفین تصاویر اور ویڈیوز دونوں کو بیک وقت ٹیگ کرسکیں گے۔

اس وقت صارفین ایک وقت میں 4 تصاویر ایک پوسٹ میں شیئر کرسکتے ہیں،  ایک ویڈیو پوسٹ کرسکتے ہیں یا ویب سائٹ کا ایک لنک شیئر کرسکتے ہیں۔

اس سے قبل ٹوئٹر میں ایک اور نئے اسٹیٹس فیچر کی آزمائش بھی شروع ہوئی تھی۔

یہ فیچر امریکا اور آسٹریلیا میں محدود صارفین کو دستیاب ہے اور وہ ٹوئٹس سے قبل مختلف لیبلز کو استعمال کرسکتے ہیں۔

اس فیچر کے اسکرین شاٹس سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے متعدد اسٹیٹس ڈیزائن کیے گئے ہیں جو ایموجیز کی جگہ لے سکیں گے۔

مزید خبریں :