Time 01 اگست ، 2022
پاکستان

دریائے راوی میں پانی چھوڑنے کا معاملہ :انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھ دیا

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی خبروں پر انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھاہے ، جس میں  پانی چھوڑے جانے سے متعلق بروقت آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا میں گورداس پور انتظامیہ کی جانب سے 2 لاکھ کیوسک پانی دریائے راوی میں چھوڑے جانے کا پیغام نشر کیا ہے۔ اتنی بڑی مقدارمیں پانی چھوڑے جانے پر ہمیں اپنی طرف بھی حفاظتی اقدامات کرنے ہوں گے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ دریائے راوی کے اطراف تعمیرات، انسانی جانوں اور مویشیوں کی حفاظت کے انتظامات کرنا ہوں گے، اس لیے دریائے راوی میں کتنا پانی پاکستان پہنچے گا اس حوالے سے بروقت بتایا جائے ۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں دیہات زیر آب آ گئے ہیں اور ہزاروں ایکڑ پر کاشت کی ہوئی چاول سمیت دیگر فصلیں مکمل تباہ ہو گئی ہیں۔

بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی سے دریائے راوی، دریائے اوج، نالہ بئیں، نالہ ڈیک اور نالہ بسنتر بپھر گئے، بہاولپور اور جھنگ کےقریب دریائے چناب میں نچلےدرجے کا سیلاب آ گیا۔

سیلابی صورتحال کے نتیجے میں سیکڑوں دیہات اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں سیلابی پانی کی زد میں آگئیں۔

مزید خبریں :