گوگل ڈو اور میٹ کو اکٹھا کرنے کا عمل شروع

گوگل نے دونوں ایپس کو اکٹھا کرنے کا اعلان جون میں کیا تھا / فوٹو بشکریہ گوگل
گوگل نے دونوں ایپس کو اکٹھا کرنے کا اعلان جون میں کیا تھا / فوٹو بشکریہ گوگل

گوگل نے جون 2022 میں اپنی ویڈیو کالنگ ایپ ڈو کو ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اب اس حوالے سے کام شروع کردیا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے میٹ کے تمام فیچرز کو ڈو ایپ کا حصہ بنایا جارہا ہے جس کو بعد میں نئی گوگل میٹ ایپ میں تبدیل کردیا جائے گا۔

جولائی میں گوگل نے میٹ کے فیچرز کو ڈو کو شامل کرنے کی تیاریاں شروع کی تھیں۔

مگر 3 اگست سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے ڈو ایپ کی ایک اپ ڈیٹ کو جاری کیا گیا ہے جس میں ایک نیا میٹ لوگو موجود ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک نئے نوٹیفکیشن کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ ایپ میں کیا کچھ تبدیل ہورہا ہے۔

گوگل ڈو میں میٹ کانفرنس کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کو استعمال کرنے کے لیے گوگل اکاؤنٹ کی ضرورت ہوگی۔

اگر آپ گوگل میٹ ایپ استعمال کرتے ہیں تو مستقبل قریب میں یہ ایپ ختم ہوجائے گی اور گوگل کے مطابق صارفین کو نئے ایپ تجربے پر منتقل ہونے کے آگاہ کیا جائے گا۔

دونوں ایپس کو مدغم کرنے میں مزید چند ماہ لگ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گوگل میٹ نے 2020 میں ہینگ آؤٹ کی جگہ لی تھی جس میں ایک وقت میں سیکڑوں افراد ویڈیو کانفرنس کا حصہ بن سکتے ہیں۔

کورونا وائرس کی وبا کے دوران گھروں سے کام کرنے کے نتیجے میں گوگل میٹ کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا۔

مزید خبریں :