05 اگست ، 2022
لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو بدستور ادویات کی کمی کا سامنا ہے، انستھیزیا کی ادویات اور انجیکشنز بھی نایاب ہو گئے ہیں، مریضوں کو کئی روز سے ادویات میسر نہیں۔
لاہور کے میو اسپتال میں مریض اور لواحقین ادویات کے لیے در بدر ہونے لگے، کئی روز سے اسپتال میں ادویات دستیاب ہی نہیں، مریض بازار سے ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق انستھیزیا کے انجیکشنز کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کے آپریشن متاثر ہو رہے ہیں، بعض مریضوں کے لواحقین بازار سے انستھیزیا خرید کر آپریشن کروانے پر مجبور ہیں، ذرائع کے مطابق سروسز اور جناح اسپتال کو بھی انستھیزیا کی کمی کا سامنا ہے۔
جنرل اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خالد کے مطابق سروسز، میو اور جناح اسپتال کو 300 کے قریب انستھیزیا کی خوراکیں جنرل اسپتال نے ادھار پر دی ہیں، جیسے ہی ان اسپتالوں کے پاس اسٹاک آئے گا وہ انستھیزیا جنرل اسپتال کو واپس کر دیں گے۔
میو اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادویات کی خریداری نہیں ہوئی، سپلائی ملتے ہی مریضوں کو ادویات کی فراہمی شروع کر دیں گے۔
محکمہ صحت پنجاب نے بھی میو اسپتال میں ادویات کی کمی پرچپ سادھ رکھی ہے، کوئی ذمہ دار بات کرنے کے لیے تیار نہیں۔
دوسری جانب میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ بخار، مرگی، جگر، بلڈ پریشر اور خون پتلا کرنے والی ادویات کی سپلائی نہیں آ رہی، تین ماہ سے یہ ادویات نایاب ہیں۔