05 اگست ، 2022
ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف داخل کی گئی درخواست کے حوالے سے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے اپنا جواب عدالت میں داخل کروادیا ہے۔
ایلون مسک نے عدالت میں ٹوئٹر پر فراڈ کا الزام عائد کر تے ہوئے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ٹوئٹر کی جانب سے معاہدے سے قبل انہیں دی گئی غلط معلومات کے ذریعے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے بزنس کے حوالے سے گمراہ کیا گیا۔
عدالت میں داخل کیے گئے اپنے جواب میں ایلون مسک نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹوئٹر پر اصل صارفین کے حوالے سے انہیں جو اعداد شمار دیے گئے تھے، اصل صارفین کی تعداد اس سے کہیں زیادہ کم ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اب اپنے فراڈ کا پردہ فاش ہونے کے خوف میں ٹوئٹر ان پر درست معلومات تک رسائی کے راستے بند کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک سے قبل ٹوئٹر نے عدالت میں پیش کیا گیا اپنا موقف عوام کے سامنے رکھ دیا تھا جس کے جواب میں ایلون مسک کی جانب سے بھی عدالت میں داخل کیا گیا اپنا جواب عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایلون مسک 44 ارب ڈالرز کے معاہدے سے بچنے کے لیے فرضی جواز بنارہے ہیں، ایلون مسک کی کہانی تصوراتی اور معاہدے سے بچنے کی کوشش ہے کیونکہ حصص میں کمی کے باعث وہ اس معاہدے کو پرکشش تصور نہیں کرتے جبکہ خود ان کی اپنی ذاتی دولت میں کمی آئی ہے۔