دنیا
Time 06 اگست ، 2022

امریکا، روس کیخلاف جنگ کیلئے یوکرین کو ایک ارب ڈالرز کے ہتھیار فراہم کرے گا

ممکنہ طور پر اس پیکیج کا اعلان پیر کے روز تاہم ابھی تک صدر بائیڈن نے اس پر دستخط نہیں کیے — فوٹو: فائل
ممکنہ طور پر اس پیکیج کا اعلان پیر کے روز تاہم ابھی تک صدر بائیڈن نے اس پر دستخط نہیں کیے — فوٹو: فائل

روس کے خلاف جنگ کیلئے  اگلے امدادی پیکیج کے تحت بائڈن انتظامیہ یوکرین کو  ایک ارب ڈالرز کے  ہتھیار فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا کی جانب سے یوکرین کیلئے دیا جانے والا یہ پیکیج اب تک کا سب سے بڑا پیکیج ہوگا جس میں لانگ رینج اسلحے کیلئے بارود اور 50 مسلح طبی ٹرانسپورٹ گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔

خبر کے مطابق ممکنہ طور پر اس پیکیج کا اعلان پیر کے روز متوقع ہے تاہم ابھی تک صدر بائیڈن نے اس پر دستخط نہیں کیے اگر وہ اس پیکیج میں کوئی تبدیلی کیے بغیر دستخط کر دیتے ہیں تو امریکا کی جانب سے روسی حملے کے بعد یوکرین کو دی گئی امداد کا تخمینہ 8.8 ارب ڈالر ہو جائے گا۔

روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی امداد کیلئے یہ پیکیج پینٹاگون کے  حالیہ فیصلے کے بعد تیار کیا گیا ہے جس میں یوکرینیوں کو جرمنی میں رامسٹین ائیر بیس کے قریب امریکی فوجی اسپتال میں علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی اجازت دی گئی تھی، ساتھ ہی یوکرین کی فوجی امداد کیلئے 550 ملین ڈالرز سے زائد پیکیج کی منظوری دی گئی تھی جس میں ہائی موبلٹی آرٹلری راکیٹ سسٹم (ہیمارس) کیلئے بارود بھی شامل تھا۔

مذکورہ ڈیل کے حوالے سے وائیٹ ہاؤس کی جانب سے کسی قسم کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم خبر کے مطابق مذکورہ پیکیج پریزیڈینشل ڈرا ڈاؤن اتھارٹی (پی ڈی اے) کے تحت جاری کیا جائے گا جس کیلئے صدر جو بائڈن کو کانگریس سے منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مزید خبریں :