06 اگست ، 2022
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے عہدہ سنبھالتے ہی صوبے میں50 سے زائد اہم افسر تبدیل کر دیے۔
پنجاب میں حکومت تبدیل ہوتے ہی وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے اہم عہدوں پر تبادلے شروع کردیے۔
حمزہ شہباز دور کے آخری دنوں میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل اور آئی جی پولیس راؤسردار نے اپنے تبادلوں کی درخواست کی تھی جس پر آئی جی راؤ سردار کو تو آئی جی پولیس ریلویز لگادیاگیا لیکن چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کو تبدیل نہ کیا گیا۔
اسی طرح ایڈیشنل آئی جی پنجاب جیسا اہم عہدہ بھی خالی پڑا ہے، پرویزالٰہی حکومت نےاس عہدے سے عثمان انور کو تبدیل توکر دیا تاہم اس عہدے کا اضافی چارج تک کسی کو نہیں دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے پرنسپل سیکرٹری نبیل اعوان کو بھی تبدیل کرکے ان کی جگہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کو تعینات کردیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی ایف ڈی اے، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی تبدیل کر دیے گئے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی او ایس ڈی بنادیا گیا، ان کا چارج ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو دے دیا گیا۔
سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق یوم عاشور کےبعد صوبے میں مزید کئی اہم تبادلے متوقع ہیں۔