بلوچستان میں بارشوں سے ہونیوالے نقصانات سے متعلق پی ڈی ایم اے کی نئی رپورٹ جاری

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بلوچستان کے محکمہ پی ڈی ایم اے نے صوبے میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق نئی رپورٹ جاری کردی ،24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں بارشوں سے مزید جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق یکم جون سے 6 اگست تک بارشوں اور سیلابی ریلوں کے دوران مختلف حادثات میں 176 افراد جاں بحق ہوئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 77 مرد 44 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں، یہ اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار ،کوہلو،کیچ، مستونگ، ہرنائی،قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئیں ۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 75 افراد زخمی ہوئے، بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبے بھر میں 18 ہزار 87مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 670 کلو میٹر پر مشتمل مختلف 6 شاہرائیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

 پی ڈی ایم اےکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر 16 پل ٹوٹ چکے ہیں اور 23 ہزار مال مویشی مارے گئے ،مجموعی طور پر 2 لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصانات پہنچا ۔

 پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا  ہےکہ 10 اگست سے 14 اگست تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان کوہلو ،موسی خیل، شیرانی،سبی، ڈیرہ بگٹی، بولان اور قلات میں بھی سیلابی صورتحال ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ خضدار لسبیلہ آوران ،خاران ،تربت ،پنجگور ،ہرنائی اور سوراب میں بھی سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں :