11 اگست ، 2022
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نےکراچی کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 11 روپے 10 پیسے مہنگی کردی ہے جس سےکراچی کے شہریوں پر اگست اور ستمبر کے بجلی بل بھاری پڑیں گے۔
نیپرا حکام کے مطابق بجلی جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کی گئی ہے۔
یونٹ ریٹس میں اضافے سے 300 یونٹ کےاستعمال پر اگست کے بل میں ایک ہزار اور ستمبرکے بل میں 2400 روپے اضافہ ہوگا، 700 یونٹ استعمال کرنے والوں کے اگست کے بل میں 2107 روپے اضافہ ہوگا، 700 یونٹ استعمال کرنے والوں کے ستمبر کے بل میں 5ہزار 663 روپے اضافہ ہوگا۔
700 سے زیادہ یونٹ استعمال کرنے والوں کو اگست میں فی یونٹ 28 روپے 99 پیسےکا پڑے گا، ستمبر میں 700 سے زیادہ یونٹ استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 37 روپے7 پیسے ادا کرنا ہوگا۔
تھری فیز میٹر استعمال کرنے والوں کوپیک اور آف پیک آورز میں فی یونٹ کے الگ الگ چارجز دینا ہوں گے، فیول ایڈجسٹمنٹ کے بعد اگست میں پیک آورز میں فی یونٹ 28 روپے 99 پیسےکا ہوگا۔
کے الیکٹرک نیپراکی منظوری سے اگست میں آف پیک آورز میں 22 روپے67 پیسے فی یونٹ لےگا، ستمبر میں کے الیکٹرک کا فی یونٹ پیک آورز میں 34 روپے 7 پیسے کا ہوجائے گا، ستمبرمیں آف پیک آورز میں کے الیکٹرک فی یونٹ 27 روپے 75 پیسے چارج کرےگا۔
خیال رہےکہ کراچی کے شہریوں پر بجلی کے بل پر مختلف ٹیکسز اس کے علاوہ ہیں۔