12 اگست ، 2022
گوگل کی جانب سے میٹ اور ڈو کو اکٹھا کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے چند کارآمد اپ گریڈز کیے گئے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے ایک نیا لائیو شیئرنگ فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس سے صارفین ری ڈیزائن میٹ ایپ میں یوٹیوب اور اسپاٹی فائی اسٹریمز کو چیٹ میں شیئر کرسکتے ہیں۔
اسی طرح مختلف گیمز کھیلنے کا آپشن بھی دیا جارہا ہے۔
میٹ کے دیگر نئے فیچرز میں ورچوئل بیک گراؤنڈز اور ان میٹنگ چیٹس بھی قابل ذکر ہیں۔
خیال رہے کہ گوگل نے جون 2022 میں اپنی ویڈیو کالنگ ایپ ڈو کو ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
گوگل کی جانب سے میٹ کے تمام فیچرز کو ڈو ایپ کا حصہ بنایا جارہا ہے جس کو بعد میں نئی گوگل میٹ ایپ میں تبدیل کردیا جائے گا۔
جولائی میں گوگل نے میٹ کے فیچرز کو ڈو کو شامل کرنے کی تیاریاں شروع کی تھیں۔
3 اگست کو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے ڈو ایپ کی ایک اپ ڈیٹ کو جاری کیا گیا تھا جس میں ایک نیا میٹ لوگو موجود تھا۔
اس کے ساتھ ساتھ ایک نئے نوٹیفکیشن کے ذریعے صارفین کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ ایپ میں کیا کچھ تبدیل ہورہا ہے۔
گوگل ڈو میں میٹ کانفرنس کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا جس کو استعمال کرنے کے لیے گوگل اکاؤنٹ کی ضرورت ہوگی۔
اگر آپ گوگل میٹ ایپ استعمال کرتے ہیں تو مستقبل قریب میں یہ ایپ ختم ہوجائے گی اور گوگل کے مطابق صارفین کو نئے ایپ تجربے پر منتقل ہونے سے آگاہ کیا جائے گا۔
دونوں ایپس کو مدغم کرنے میں مزید چند ماہ لگ سکتے ہیں۔