یوٹیوب میں اسٹریمنگ سروس کی سبسکرپشن کیلئے آن لائن اسٹور متعارف کرائے جانےکا امکان

یہ سروس 2022 کی آخری سہ ماہی تک متعارف کرائی جاسکتی ہے / فائل فوٹو
یہ سروس 2022 کی آخری سہ ماہی تک متعارف کرائی جاسکتی ہے / فائل فوٹو

یوٹیوب کی جانب سے ایک ایسے آن لائن اسٹور کو متعارف کرانے کے لیے کام کیا جارہا ہے جہاں آپ متعدد اسٹریمنگ سروسز کی سبسکرپشن خرید سکیں گے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق گوگل کی زیرملکیت ویڈیو شیئرنگ سائٹ پر ایک 'چینل اسٹور' کی تیاری کا کام 2021 سے جاری ہے اور اس حوالے سے شراکت داری کے لیے مختلف اسٹریمنگ کمپنیوں سے بات چیت بھی کی جارہی ہے۔

یوٹیوب کی مرکزی ایپ پر اس آن لائن اسٹور کے ذریعےکسی اسٹریمنگ سروس کا ممبر بننے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے اپنے پلیٹ فارم کو اسٹریمنگ سروسز کی مارکیٹ کے لیے بہترین ذریعہ قرار دیا جارہا ہے، جہاں صارفین پہلے ہی ان سروسز کے ٹریلرز مفت دیکھ سکتے ہیں۔

ان ٹریلرز کو دیکھتے ہوئے وہ آسانی سے سبسکرپشن فیس دینے کا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں اور شراکت دار کمپنیوں کو اس فیس میں سے کچھ حصہ دیا جائے گا۔

ابھی یوٹیوب اور کمپنیوں کے درمیان اس حوالے سے بات ہورہی ہے کہ سبسکرپشن سے ہونے والی آمدنی کو کس طرح تقسیم کیا جائے گا۔

یوٹیوب کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ خیال کی جاتی ہے اور اس پلیٹ فارم سے اسٹریمنگ سروسز کی سبسکرپشن میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔

یوٹیوب کا یہ آن لائن اسٹور 2022 کی آخری سہ ماہی میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :