16 اگست ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شہزاد وسیم کی زیر قیادت 7 رکنی وفد نے اڈیالہ جیل جا کر عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 7 رکنی وفد میں سینیٹر شہزاد وسیم کے علاوہ سینیٹر سیف اللہ نیازی، سینیٹر شبلی فراز ، سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹرعبدالقادر ، سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور سینیٹر سردار گُردیپ سنگھ شامل تھے۔
اعلامیےکے مطابق تحریک انصاف کے وفد نے شہباز گل سے ملاقات میں ان کی خیریت دریافت کی اور ان پر ہونے والے تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وفد کے اراکین اس ملاقات کے حوالے سے تمام تر صورت حال سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے۔
خیال رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک انٹرویو میں شہباز گل کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنائے جانےکا الزام عائد کیا تھا۔
جس کے بعد وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل پر جیل میں تشدد کی تردیدکرتے ہوئےکہا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں، شہبازگل کو برہنہ کرکے مارنےکا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ میرےعلم میں آیا ہےکہ جیل میں پہلی رات شہباز گل کو غیر قانونی طورپرچکی میں رکھا گیا، ایساکسی بھی قیدی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔
ہاشم ڈوگرکا کہنا تھا کہ میری شہبازگل سے ملاقات ہوئی ہے، وہ بالکل ٹھیک ہیں، عمران خان سے مل کر انھیں شہباز گل کی صحت کے بارے میں آگاہ کروں گا۔