18 اگست ، 2022
ملیر میمن گوٹھ میں لنک روڈ سے کار سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے لاپتہ ہونے والے 7 افراد میں سے 2 بچوں کی لاشیں مل گئیں۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکار ، پولیس اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے گزشتہ روز سے ہی ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان ایدھی کے مطابق ملیر ندی میں جاری آپریشن کے دوران سات سالہ بچی آمنہ کی لاش بھی نکالی ہے۔
ایک بچے موسیٰ کی لاش اس سے پہلے ہی نکالی جا چکی ہے۔
ایس ایس پی ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق کار ڈرائیور، بچوں کے والد، والدہ اور مزید 2 بچوں کی تلاش جاری ہے۔
ڈوبنے والی فیملی کے رشتے دار محمد دانش نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماموں شادی میں شرکت کے بعد واپس حیدر آباد جارہے تھے اور بارش کے باعث لنک روڈ کا استعمال کیا گیا۔
محمد دانش نے کہا کہ ماموں نے ڈرائیور کو لنک روڈ استعمال کرنے سے منع کیا تھا، پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے گاڑی ڈوب گئی جس میں ڈرائیور کے علاوہ ماموں، ممانی اور 4 بچے سوار تھے۔