18 اگست ، 2022
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کے شہر حیدرآباد سے آمد اور دبئی روانگی کی چارٹرڈ پرواز میں کوئی غیر معمولی معاملہ نہیں تھا۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارت کے شہر حیدرآباد سے 15 اگست 2022 کو ایک غیر شیڈول پرواز T7 ROYAL نجی اور چارٹڈ تھی جو مارشل آئی لینڈ میں رجسٹرڈ تھی اور پرواز کے عملے کا تعلق جرمنی، اسپین اور جنوبی افریقا سے ہے۔
ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پرواز کی کیٹیگری چارٹرڈ فیری فلائٹ تھی جسے پاکستانی شہریوں نے متعلقہ طریقہ کار کے بعد بُک کیا تھا۔ یہ پرواز دوپہر 12:10 پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پہنچی اور 13:22 پر کراچی سے دبئی کیلئے روانہ ہوئی۔ پرواز میں کراچی سے منظور شدہ شیڈول کے مطابق 12 مسافر سوار تھے۔
ترجمان کے مطابق یہ ایک عام چارٹرڈ فلائٹ آپریشن تھا جسے سی اے اے نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق منظور کیا تھا۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ چارٹرڈ فلائٹ پر سفر کرنے والے مسافر دوسرے مسافروں کیلئے ہوائی اڈوں پر لاگو اسی طریقہ کار سے گزرے۔ ان میں سکیورٹی چیک، کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس، امیگریشن اور مکمل سامان کی اسکیننگ شامل ہیں۔
ترجمان سی اے اے نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ چارٹرڈ فلائٹ آپریشنز کو مناسب طریقے سے ریگولیٹ کیا جاتا ہے ، سی اے اے کے پاس پاکستان سے آنے والی چارٹرڈ پروازوں کی منظوری کیلئے سخت طریقہ کار ہے۔