Time 19 اگست ، 2022
پاکستان

ملک بھر میں موسلا دھار بارشیں، بجلی کا نظام شدید متاثر، شہروں کے زمینی رابطے منقطع

تیز بارشوں کے باعث شمال مشرقی بلوچستان کے علاقے دھاناسر میں لینڈسلائیڈنگ ہوئی، مغل کوٹ میں ژوب ڈیرہ پل بہہ گیا/ فائل فوٹو
 تیز بارشوں کے باعث شمال مشرقی بلوچستان کے علاقے دھاناسر میں لینڈسلائیڈنگ ہوئی، مغل کوٹ میں ژوب ڈیرہ پل بہہ گیا/ فائل فوٹو 

ملک بھر میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔

سکھر شہر اور مضافاتی علاقوں میں 12 گھنٹےسے تیز بارش جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، تجارتی مراکز کی دکانیں پانی سے بھر گئیں اور  بجلی معطل ہوگئی۔

 نوشہروفیروز میں مسلسل 36 گھنٹے سے کبھی تیز کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث  آج ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیاگیا۔

دوسری جانب  شمال مشرقی بلوچستان میں شدید بارشیں جاری ہیں جہاں کوہ سلیمان رینج میں پنجاب اور کے پی کے کے ساتھ پہاڑوں پر 2  روز سے بارش جاری ہے جس کے باعث  بلوچستان کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ۔

 تیز بارشوں کے باعث  شمال مشرقی بلوچستان کے علاقے  دھاناسر میں لینڈسلائیڈنگ ہوئی، مغل کوٹ میں ژوب ڈیرہ پل بہہ گیا جب کہ  ژوب ڈی آئی خان شاہراہ پرآمدورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ 

 موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کوئٹہ اور  کراچی کے درمیان لسبیلہ کے مقام پرشاہراہ بند ہوگئی۔

ادھر مظفرآبادمیں سیلاب سے 5سیاح بہنےکی تصدیق کی گئی  جب کہ  ایک نوجوان کی لاش برآمد کرلی گئی ہے اور  دیگر کی تلاش جاری ہے۔

مزید برآں ڈی جی خان کےعلاقے راکھی گاج کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے ٹریفک بلاک ہوگئی۔

ملتان کے قریب 132کے وی کا بجلی کا ٹاور سیلاب سے گرگیا جس سے شاؤ صدر دین گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی منقطع  ہوگئی۔

مزید خبریں :