19 اگست ، 2022
اندرون سندھ میں گزشتہ روز سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
حیدرآباد میں بدھ کی شام سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ تیسرے روزبھی وقفے وقفے سےجاری ہے جہاں 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 38 اور ائیر پورٹ ایریا میں 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں تک شہر میں بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ادھر سکھر میں بارشوں سے نشیبی علاقے اور مرکزی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور بارش کا پانی رہائشی علاقوں سمیت تجارتی مراکز میں بھی داخل ہوگیا۔
سیپکو حکام کے مطابق لاڑکانہ، سکھر، خیرپور، شکارپور اور گھوٹکی سمیت دیگر شہروں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور مراکز بندہوگئے جب کہ ٹھل ، گڑھی خیرو میں بھی بارش کے باعث فصلوں کونقصان پہنچا ہے۔
علاوہ ازیں ٹنڈوالہ یار میں دو روز گزرنے کے بعد بھی بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی جہاں نصرپور روڈ، فیضان مدینہ روڈ، میروا روڈ پر دو سے تین فٹ پانی جمع ہے۔