پاکستان

شہباز گل کے طبی معائنےکیلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل

فوٹو: انٹرنیٹ
فوٹو: انٹرنیٹ

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کے طبی معائنےکے لیے نیا میڈیکل بورڈ  تشکیل دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز گل کے طبی معائنےکے لیے 4 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، نئے میڈیکل بورڈ کی سربراہی ایسوسی ایٹ پروفیسر شفاعت رسول کریں گے، میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر سلمان، ڈاکٹر انعام شامی اور ڈاکٹر ضیاء شامل ہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہےکہ میڈیکل بورڈ شہبازگل کے علاج کے ساتھ مبینہ تشدد کے متعلق رپورٹ مرتب کرے گا۔

خیال رہےکہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے آج شہباز گل کی پمز اسپتال کے کمرے کی تازہ ترین ویڈیو جاری کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ تین دن سے بغیر تحقیقات کے پروپیگنڈا چل رہا ہے اور شہبازگل کا نام لگا کر سوشل میڈیا اور میڈیا پر ویڈیوز چلائی جارہی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ شہبازگل کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے اور پروپیگنڈا جاری ہے کہ جنسی تشدد ہوا، کیمرہ دیکھتے ہی پروپیگنڈا شروع ہوجاتا ہے، شہبازگل پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔

دوسری جانب ذرائع پمز اسپتال کا کہنا ہےکہ ‏شہباز گل کے معمول کے کلینیکل ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، شہباز گل کا بلڈ پریشر، شوگر اور نبض کی رفتار معمول کے مطابق ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ‏شہباز گل کو سینے کا معمولی انفیکشن ہے جس کی دوا دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :