22 اگست ، 2022
کراچی : ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ملیر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ضلع کے ناسازگار حالات بیان کردیے۔
خط کے متن کے مطابق ڈی سی ملیر نے الیکشن کمیشن کو خط میں کہا ہے کہ مون سون نے کراچی کے ضلع ملیر کو شدید نقصان پہنچایا ہے، ضلع ملیر کے متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں پہنچنا ممکن نہیں ہے۔
ڈی سی ملیرکا کہنا ہےکہ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں الیکشن کے لیے ماحول سازگار نہیں ہے، ملیر کے گردونواح میں تاحال بارش کاپانی موجود ہے، بلدیاتی انتخابات تک تمام متاثرہ علاقے ٹھیک کرنے کی یقین دہانی نہیں کراسکتے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ جن اسکولوں میں اور مقامات پرپولنگ ہونا ہے وہاں پانی موجود ہے، سندھ حکومت نے ملیر کی دو یوسیز کو آفت زدہ قرار دیا ہے ، ضلعی انتظامیہ نے تمام تروسائل کے ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے کی کوشش کی ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد ڈویژن کے کئی ڈپٹی کمشنرز نے بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کو خط جامشورو، ٹنڈو الٰہ یار اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے لکھے گئے ہیں۔
یال رہے کہ صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی سمیت کئی شہروں میں 28 اگست کو پولنگ ہونا ہے۔ اس سے قبل بھی بلدیاتی انتخابات بارشوں کے باعث ملتوی کیےگئے تھے۔