دنیا
Time 26 اگست ، 2022

ایلون مسک کو ٹوئٹر کے خلاف عدالتی جنگ میں ایک کامیابی حاصل

ایلون مسک / اے ایف پی فوٹو
ایلون مسک / اے ایف پی فوٹو

ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کرنے والی جج نے ٹیسلا کے بانی کی جانب سے مکمل ڈیٹا تک رسائی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

مگر جج نے ٹوئٹر کے ڈیٹا کے کچھ حصے تک ایلون مسک کو رسائی دینے پر اتفاق کیا ہے اور سوشل میڈیا نیٹ ورک کو وہ ڈیٹا دنیا کے امیر ترین شخص کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جج کی جانب سے ٹوئٹر کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایسے 9 ہزار سے زیادہ اکاؤنٹس کا ڈیٹا ایلون مسک کے حوالے کرے جن کی جانچ پڑتال 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران سوشل میڈیا نیٹ ورک نے کی تھی تاکہ پلیٹ فارم میں اسپام اکاؤنٹس کی تعداد کا تعین کرسکے۔

اسی طرح ٹوئٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسی دستاویزات بھی پیش کرے جن سے ثابت ہوتا ہو کہ یہ اکاؤنٹس جانچ پڑتال کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔

ایلون مسک کے وکلا نے ٹوئٹر کے 20 کروڑ سے زیادہ اکاؤنٹس کے ڈیٹا تک رسائی کی درخواست کی تھی جس کو مسترد کردیا گیا۔

ٹوئٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران جو جانچ پڑتال کی گئی تھی اس کا ڈیٹا اب موجود نہیں اور اسے دوبارہ تیار کرنے میں 2 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

جس پر جج نے کمپنی کو ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دی ہے۔

ایلون مسک کے وکیل نے ایک بیان میں کہا کہ ہم ٹوئٹر کی جانب سے کئی ماہ سے چھپائے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید خبریں :