Time 28 اگست ، 2022
کھیل

ایشیا کپ: بھارتی سورماؤں اور پاکستانی شاہینوں میں آج گھمسان کا رن پڑے گا

بڑے ٹورنامنٹ کے بڑے مقابلے کیلئے ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں، پاکستان کی فائنل الیون بھی فائنل ہو گئی تاہم پلیئنگ الیون کے نام ٹاس سے پہلے ہی سامنے آئیں گے— فوٹو: فائل
بڑے ٹورنامنٹ کے بڑے مقابلے کیلئے ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں، پاکستان کی فائنل الیون بھی فائنل ہو گئی تاہم پلیئنگ الیون کے نام ٹاس سے پہلے ہی سامنے آئیں گے— فوٹو: فائل

کرکٹ کا بڑا مقابلہ ، پاکستان اور بھارت ایک بار پھر آج مد مقابل ہوں گے دبئی میں جہاں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ شروع ہوچکا ہے۔

بڑے ٹورنامنٹ کے بڑے مقابلے کیلئے ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں، پاکستان کی فائنل الیون بھی فائنل ہو گئی تاہم پلیئنگ الیون کے نام ٹاس سے پہلے ہی سامنے آئیں گے۔

گرین شرٹس کی بیٹنگ پاور میں کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان ، فخر زمان ، خوشدل شاہ ، آصف علی اور حیدر علی کے علاوہ شاداب خان اور محمد نواز بھی شامل ہیں۔ یہ دونوں اسپین بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی کردار نبھائیں گے۔

فاسٹ بولنگ میں حارث رؤف کے ساتھ نسیم شاہ ہوں گے، پلیئنگ الیون میں شاہنواز دھانی ہوں گے یا محمد حسنین یہ میچ سے پہلے طے ہوگا۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم میں کوہلی، روہت شرما، کے ایل راہول تو بیٹنگ میں کمال دکھائیں گے جبکہ بولنگ میں بھی ان کے پاس ایک سے بڑھ کرایک پیسر اور اسپنرز موجود ہیں۔

شائقین کرکٹ اس بڑے مقابلے میں دونوں ممالک کے بڑے بولرز شاہین شاہ آفریدی اور جسپریرت بھمرا کو مِس کریں گے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔

ایشیا کی 6 بہترین ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔

ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔

سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :