28 اگست ، 2022
پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے دبئی میں قومی اسکواڈ کو جوائن کر لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق حسن علی آج صبح پاکستان سے دبئی پہنچے اور ایشیا کپ کے لیے یو اے ای میں موجود قومی اسکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد وسیم جونئیر سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں، حسن علی کو وسیم جونئیر کی جگہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
تاہم فاسٹ بولر وسیم جونئیر اسکواڈ کے ہمراہ دبئی رہیں گے
ٹیم منجمنٹ کا کہنا ہے کہ وسیم اسکواڈ کے ہمراہ دبئی رہ کر ری ہیب کریں گے۔
گزشتہ روز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے حسن علی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ دبئی کی گرمی میں پہلے بھی کھیل چکے ہیں اس سے فرق نہیں پڑے گا، پلیئنگ الیون کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
انھوں نے کہا تھا کہ حسن کو کھلانا ابھی جلدی ہو جائے گا، جو یہاں ہیں انہیں میں سے کھیلیں گے۔