ایلون مسک کو ٹوئٹر سے معاہدے سے دستبردار ہونے کے لیے نیا جواز مل گیا

ایلون مسک / فائل فوٹو
ایلون مسک / فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے کہا ہے کہ ٹوئٹر کے سابق سکیورٹی چیف کے انکشافات سے انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کے معاہدے سے دستبرداری کا نیا جواز مل گیا ہے۔

ایلون مسک کے وکلا کی جانب سے ٹرمینیشن لیٹر کے نام سے ایک نئی دستاویز 29 اگست کو جمع کرائی گئی۔

اس دستاویز میں ٹوئٹر کے سابق سکیورٹی چیف پیٹر میج زیٹکو کے حالیہ انکشافات کو ثبوت کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے معاہدے میں ایلون مسک کو گمراہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے جولائی میں ٹوئٹر کو خریدنے کے معاہدے سے یہ کہہ کر انکار کردیا تھا کہ کمپنی کی جانب سے انہیں اور ریگولیٹرز کو اسپام یا بوٹ اکاؤنٹس کی حقیقی تعداد کے حوالے سے گمراہ کیا گیا تھا۔

اس دستاویز میں کہا گیا کہ پیٹر میج زیٹکو کے الزامات اگر درست ہیں تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تھی، جس سے ایلون مسک کو معاہدے کو منسوخ کرنے کا حق مل جاتا ہے۔

ایلون مسک اس معاہدے سے دستبردار ہونا چاہتے ہیں مگر انہیں جج کے سامنے ثابت کرنا ہے کہ ٹوئٹر نے معاہدے کی کسی حد تک خلاف ورزی کی ہے، اگر وہ ایسا نہ کرسکیں تو انہیں ایک ارب ڈالرز جرمانہ ادا کرنا پڑسکتا ہے یا انہیں کمپنی خریدنے پر بھی مجبور کیا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر کے سابق سکیورٹی چیف نے گزشتہ ہفتے اپنے انکشافات میں کہا تھا کہ کمپنی کی جانب سے یہ غلط دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کے پاس ٹھوس سکیورٹی پلان موجود ہے اور اسپام کی روک تھام کرکے صارفین کو بڑھانے کو ترجیح دی جارہی ہے۔

ان انکشافات کے بعد ایلون مسک کے وکلا نے ٹوئٹر سے مقدمے کے لیے پیٹر میج زیٹکو کو سمن جاری کیے تھے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل کے آخر میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان 44 ارب ڈالرز میں سوشل میڈیا کمپنی خریدنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

پھر ان کی جانب سے 8 جولائی کو یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے پاس جمع کروائی گئی دستاویزات میں کہا گیا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی اس لیے میں سوشل میڈیا کمپنی کو خریدنے کے اپنے معاہدے سے دستبردار ہورہا ہوں۔

اس کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اس کا ٹرائل جلد شروع کرنے کی درخواست کی گئی۔

ایلون مسک کی قانونی ٹیم کی جانب سے اس درخواست کی مخالفت کی گئی۔

مگر عدالت نے مقدمے کا ٹرائل اکتوبر میں شروع کرنے کا فیصلہ سنایا۔

مزید خبریں :